بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پنجگور کے علاقے فتح علی میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔دوسری کارروائی ضلع کچھی کے علاقے دھادر میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا، جبکہ مقابلے کے دوران 6 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے۔