وزیراعلی نے دورہ لندن کے اخراجات ادا کردیئے طیارہ پنجاب حکومت کاہے‘آئندہ بھی استعمال کروں گی:مریم نواز

جہاز کے اخراجات کی مد میں پنجاب حکومت کو 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے کی ادائیگی ، سلپ پر 17 ستمبر  درج  ہے‘ رقم بینک آف پنجاب کے ذریعے منتقل کی گئی
پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا، اپنے حصے سے دوسروں کو دیاتنقید مجھ پرنہیں پنجاب کی ترقی پرہو رہی ہے، جہازسے نہیں مریم نواز کے کاموں سے تکلیف ہے‘جہازگھر نہیں لے جائوں گی
سوچا جہاز پر تنقید ہو رہی ہے تو میں چنگچی پر بیٹھ کر ملتان چلی جاتی ہوں ‘ وزیراعلی خیبر پختونخوا تماشا لگانے کیلئے زبردستی پولیس کی گاڑی میں بیٹھ گئے:ملتان میں تقریب سے خطاب
لاہور(زیڈاین این‘سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لندن دورے کے لیے پنجاب حکومت کے گلف اسٹریم جہاز کے استعمال کے اخراجات کی رقم سرکاری اکاؤنٹ میں جمع کرا دی۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے لندن دورے کے لیے سرکاری طیارے کے استعمال کے اخراجات خود ادا کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں پنجاب حکومت کو 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے کی ادائیگی کی گئی ہے۔رقم جمع کرانے کی نیشنل بینک کی ویلنشیا لاہور برانچ کی کیش/ٹرانسفر پے اِن سلپ بھی سامنے آگئی ہے۔ دستاویز کے مطابق رقم بینک آف پنجاب کے ذریعے منتقل کی گئی۔پے اِن سلپ پر اکاؤنٹ ٹائٹل ZGBMRA درج ہے، جبکہ جمع کرائی گئی رقم 27,194,004 روپے لکھی گئی ہے۔ نیشنل بینک ویلنشیا برانچ کی مہر کے ساتھ سلپ پر 17 ستمبر 2026 کی تاریخ درج ہے۔دستاویز کے مطابق پے اِن سلپ پر رقم جمع کرانے والے کے دستخط اور رابطہ نمبر بھی درج ہیں، جبکہ بینک آف پنجاب کے چیک/انسٹرومنٹ نمبر کا بھی اندراج کیا گیا ہے۔دریں اثناء   وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے  ہر کوئی اٹھ کر کہتا ہے پنجاب نے ہمارا حق کھا لیا، پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا بلکہ اپنے حصے سے دوسروں کو دیتا رہا ہے ملتان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ تنقید مجھ پرنہیں پنجاب کی ترقی پرہو رہی ہے، ان کو 9 ارب روپے کے جہاز سے تکلیف ہے، جہازمیرا نہیں وہ وزیراعلی پنجاب کا ہے، میں گھر نہیں لے کر جائوں گی.‘۔ سوچا جہاز پر تنقید ہو رہی ہے تو میں چنگچی پر بیٹھ کر ملتان چلی جاتی ہوں،  سیلاب کے دوران متاثرین کے پاس کشتیوں پر بھی گئی، ہر وزیراعلی کے پاس سرکاری طیارہ ہے، تنقید صرف مجھ پر ہوتی ہے، تنقید کرنے والوں کو جہازسے نہیں مریم نواز کے کاموں سے تکلیف ہے. مریم نواز نے بتایا کہ میری صاحبزادی کی گریجویشن تقریب تھی، جہازکے استعمال پر پونے 3 کروڑ روپے اپنی جیب سے ادا کیے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے چند افراد پنجاب پر حملہ کرنے آئے،وزیراعلی خیبر پختونخوا تماشا لگانے کیلئے زبردستی پولیس کی گاڑی میں بیٹھ گئے، خیبر پختونخوا سے آنے والوں کا لاہور کا دورہ ناکام رہا.