بھارتی میڈیا کے مطابق، بالی ووڈ اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے دو ملزمان پولیس مقابلے میں مارے گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقابلہ گزشتہ روز اتر پردیش کے علاقے غازی آباد میں پیش آیا۔واقعہ 12 ستمبر کی صبح تقریباً ساڑھے چار بجے بریلی کے سول لائنز علاقے میں پیش آیا تھا، جہاں نامعلوم افراد نے اداکارہ کے گھر کے باہر فائرنگ کی۔ اس وقت دیشا پٹانی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں موجود تھیں تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔بعدازاں اس واقعے کی ذمہ داری کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار کے گینگ نے قبول کی تھی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ میں ملوث دونوں حملہ آور ایک بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہ سے تعلق رکھتے تھے۔ملزمان کی شناخت رویندر اور ارون کے نام سے ہوئی ہے۔ رویندر کا تعلق ہریانہ کے ضلع روہتک سے جبکہ ارون ضلع سونی پت کا رہائشی تھا۔ پولیس نے بتایا کہ مقابلے کے بعد ملزمان کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد ہوا، جس میں ایک گلوک پستول، ایک زیگانہ پستول اور متعدد کارتوس شامل ہیں۔