ریاض: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب آمد پر سعودی فضائیہ کے ایف-15 لڑاکا طیاروں کی اسکواٹ اور گارڈ آف آنر کے ذریعے دیے گئے پرتپاک استقبال پر سعودی ولی عہد، شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر پیغام میں کہا کہ انہیں سعودی ولی عہد کی جانب سے ملنے والے والہانہ استقبال نے بے حد متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی شاہی فضائیہ کے جنگی طیاروں کی اسکواٹ اور سعودی افواج کے چاق و چوبند دستے کی سلامی، دونوں ممالک کے درمیان قائم دیرینہ محبت اور باہمی اعتماد کی عکاسی کرتی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزید بتایا کہ ان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے نہایت خوشگوار اور بامقصد ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی صورتحال اور پاک-سعودی تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کی قیادت اور مسلم دنیا کے لیے ان کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان ہمیشہ پاکستان کی حمایت کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری تعلقات کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔وزیراعظم نے دعا کی کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی مزید مضبوط ہو اور نئی بلندیوں کو چھوئے۔