اسپین کا اسرائیلی ٹیم کی شرکت کی صورت میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے بائیکاٹ پر غور

اسپین کا اسرائیلی ٹیم کی شرکت کی صورت میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے بائیکاٹ پر غور

میڈرڈ: اسپین نے عندیہ دیا ہے کہ اگر اسرائیل عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو وہ فیفا ورلڈ کپ 2026 سے دستبرداری پر غور کر سکتا ہے۔

ہسپانوی کانگریس میں سوشلسٹ پارٹی کے ترجمان پیٹسی لوپیز نے کہا کہ "یہ وقت ہے کہ کھیلوں کی بین الاقوامی تنظیمیں غزہ میں ہونے والی نسل کشی کے تناظر میں اسرائیل کے خلاف ٹھوس اقدامات کریں، بالکل ویسے ہی جیسے یوکرین پر حملے کے بعد روس کو عالمی کھیلوں سے باہر کیا گیا تھا۔"انہوں نے مزید کہا کہ اسپین کی حکومت اور متعلقہ ادارے وقت آنے پر ہر ممکن اقدام پر غور کریں گے، جن میں فیفا ورلڈ کپ میں ہسپانوی ٹیم کی عدم شرکت بھی شامل ہو سکتی ہے۔

سیاسی ماہرین کے مطابق اسپین میں اسرائیل کے خلاف بائیکاٹ کی آوازیں اس وقت زور پکڑ رہی ہیں جب ملک بھر میں غزہ کی صورتحال پر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ اسپین ان چند یورپی ممالک میں شامل ہے جنہوں نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا ہے۔فیفا کے کوالیفائرز میں اسرائیل اس وقت اٹلی، ناروے، ایسٹونیا اور مالڈووا کے ساتھ گروپ میں شامل ہے اور پانچ میچوں کے بعد 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔