سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے آج (بدھ) قطر کے دورے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ دورہ غیر متوقع ہے اور پہلے سے طے شدہ ایجنڈے میں شامل نہیں تھا۔ذرائع کے مطابق خطے کی موجودہ صورتحال، بالخصوص حالیہ اسرائیلی فضائی حملے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی، خلیجی ممالک کی قیادت کو متحرک کر رہی ہے۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان پہلے ہی دوحہ پہنچ چکے ہیں اور وہ قطری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اردن کے ولی عہد حسین بن عبداللّٰہ بھی گزشتہ روز قطر کے دورے پر پہنچے تھے۔ عرب دنیا کے مختلف رہنماؤں کے ان اچانک دوروں کو خطے میں بڑھتے تناؤ اور ممکنہ سفارتی حکمتِ عملی سے جوڑا جا رہا ہے۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ان دوروں کا مقصد نہ صرف خطے کی سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال ہے بلکہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں عرب دنیا کا مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا بھی ہو سکتا ہے۔