منافع خوروں کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کاحکم

لاہور(خصوصی رپورٹ)ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قانون پر عملدر آمد میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ان کی نگرانی میں شہریوں کو سرکاری نرخنامے کے مطابق اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فیلڈ میں سخت مانیٹرنگ اور بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی سی لاہور کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ عملہ فیلڈ میں متحرک ہیں اور مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی پر دکانوں کو سربمہر کرنے اور بھاری جرمانے عائد کرنے سے گریز نہ کیا جائے۔ڈی سی نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں جبکہ پرائس مجسٹریٹس سرکاری نرخ لسٹ پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنائیں۔