ماسک کی بڑھتی ڈیمانڈ ، منافع خوروں نے قیمتوں میں دوگنا اضافہ کر دیا

 عام ماسک پانچ کے بجائے دس روپے میں فروخت،این نائنٹی فائیو کی قیمت 300روپے پر پہنچ گئی
 لاہور(آئی این پی )لاہورمیں بڑھتی سموگ سے ماسک کی بڑھتی ڈیمانڈ کے پیش نظر قیمتوں میں دوگنا اضافہ کر دیا گیا ۔کورونا کے بعد سموگ میں بھی ڈیمانڈ بڑھتے ہی منافع خوروں نے ماسک کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ مارکیٹ میں دستیاب عام سرجیکل ماسک اور سجاوٹی ماسک کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ سموگ میں ماسک کی ضرورت بڑھنے پر قیمتوں میں اضافے سے خریدار بھی پریشان ہیں۔میڈیکل سٹورز پر عام ماسک اب پانچ کے بجائے دس روپے اور کپڑے کے سجاوٹی ماسک سو روپے میں فروخت ہو رہے ہیں جبکہ مارکیٹ میں این نائنٹی فائیو کی قیمت اڑھائی سو کے بجائے 300روپے پر پہنچ گئی ہے۔ سجاوٹی ماسک 60 روپے سے 500 روپے میں دستیاب ہیں۔