سرکاری لسٹ کے مطابق برائلرگوشت فی کلو گرام پرچون 595روپے جبکہ مافیا لسٹ کے مطابق 696روپے فروخت کیا جا رہا ہے
حکومت اور متعلقہ ادارے مہنگائی کنٹرول کرنے میں سنجیدہ ہیں تو چکن مافیا کے خلاف سخت ایکشن لینا ہوگا:شہریوں کی سروے میں گفتگو
لاہور(رپورٹ:شہزاد راجپوت)صوبائی دارالحکومت میں چکن مافیا حکومت سے زیادہ طاقتور نکلا ، سرکاری ریٹ لسٹ کے نظرانداز کر کے اپنی لسٹ جاری کر دی ،سرکاری افسر وزیر اعلیٰ پنجاب کو سب اچھے کی رپورٹ دے کر مافیا کا ساتھ دینے لگے ۔ عوامی شکایات کے باوجود کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی ہے۔ جس سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق سرکاری نرخ نامہ میںبرائلر زندہ فی کلو گرام تھوک 397 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ خود ساختہ ریٹ لسٹ میں برائلر زندہ فی کلو گرام تھوک 460روپے ،برائلر زندہ فی کلو گرام پرچون 411روپے جبکہ جعلی ریٹ لسٹ میں 480روپے ،برائلرگوشت فی کلو گرام پرچون 595روپے جبکہ مافیا لسٹ کے مطابق 696روپے فروخت کیا جا رہا ہے۔ بیشتر دکانداروں نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھوکنے کے لیے سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کے بجائے اپنی لسٹ لگائی ہوئی ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے با ر بار اعلانات کیے جا رہے ہیں کہ مہنگائی پر کنٹرول پا لیا گیا ہے اور اب ہر چیز غریب کی پہنچ سے دور نہیں ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔چکن مافیا اتنا مضبوط ہو گیا ہے کہ حکومت کے احکامات ماننے کو تیار ہی نہیں ہے۔ اگر حکومت اور متعلقہ ادارے واقعی مہنگائی کنٹرول کرنے میں سنجیدہ ہیں تو انہیں چکن مافیا کے خلاف سخت ایکشن لینا ہوگا۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں اور منافع خوروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔