شہدا کا لہو آج بھی ایک پرامن، خوشحال پاکستان کی جانب ہمارا سفر روشن کر رہا ،بلاول
اس بارکوئی جلسہ نہیں ہوگا،وقار مہدی ،پی پی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس طلب
کراچی،لاہور، اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) سانحہ کارساز کے شہدا کی 18ویں برسی آج (ہفتہ) 18 اکتوبر کو منائی جائے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ملک بھر میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا ،شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کے موقع پر ملک بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں دعائیہ تقاریب کے انعقاد کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے ہر ضلع میں ہونے والی ان تقاریب میں پیپلزپارٹی کے کارکنان، ہمدرد، تنظیمی عہدیداران، ٹکٹ ہولڈرز اور منتخب نمائندے اپنے اپنے اضلاع میں شریک ہوں۔بلاول بھٹو نے 18ویں یوم شہادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے ناقابل شکست حوصلے، غیر متزلزل وفاداری اور پاکستان کے جمہور و جمہوریت کے لیے عظیم قربانیوں کو سلام پیش کیا۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کا دن قوم کی روح پر ہمیشہ کے لیے نقش ہو چکا کہ یہ وہ دن تھا جب عوام کی بڑی تعداد نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وطن واپسی پر تاریخی استقبال کیااور 180 بہادر جیالوں نے جمہوری پاکستان کے خواب کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔بلاول نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور کارساز کے شہدا کے مشن کو آگے بڑھائیں گے تاکہ ایک ایسا پاکستان تعمیر ہو جہاں جمہوریت، مساوات اور انصاف کی حکمرانی ہو۔انہوں نے کہا ہمارے شہدا کا لہو آج بھی ایک پرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کی جانب ہمارے سفر کو روشن کر رہا ہے۔ پی پی پی میڈیا سیل کے بیان کے مطابق آج بلاول ہائوس کراچی میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس ہوگا۔ادھر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ سانحہ کارساز کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے تمام اضلاع میں قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات ہوں گے، پیپلز پارٹی کے رہنما شہدا کی قبروں پر حاضری دیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔پیپلز پارٹی کی قیادت، رہنما اور کارکنان کراچی میں یادگار شہدا کے مقام پر حاضری دیں گے،پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور خراج عقیدت پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بحالی جمہوریت کے لیے سانحہ کارساز کے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اس برسی پر کوئی جلسہ نہیں ہورہا۔