وطن عزیز کی خوشخالی اور استحکام اور شہدا کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں
اسلام آباد (آئی این پی )وطنِ عزیز کی حفاظت کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں میجر واصف حسین شاہ شہید، میجر محمد حسیب شہید اور حوالدار نور احمد شہید کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں۔اس موقع پر وطن عزیز کی خوشخالی اور استحکام اور شہدا کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔میجر واصف حسین شاہ شہید کی 11ویں اور میجر محمد حسیب شہید اور حوالدار نور احمد شہید کی پہلی برسی کے موقع پر قوم نے شہدا کے بلند حوصلے، شجاعت اور عزم کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔میجر واصف حسین شاہ شہید نے 15 نومبر 2014 کو آپریشن ضربِ عضب کے دوران دشمن کے خلاف دلیری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں انہیں ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔اسی جذبہ شہادت کی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے میجر محمد حسیب شہید اور حوالدار نور احمد شہید نے 14 نومبر 2024 کو بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن میں جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانیں وطن پر نچھاور کر دیں۔قوم کے ہر فرد نے شہدا کے اہلِ خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم سپوت پاکستان کا فخر ہیں۔ شہدا کی بے مثال قربانیاں اور ثابت قدمی وطنِ عزیز کی تاریخ کا روشن باب اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔قوم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہدا کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی اور پاکستان کی سرزمین کے تحفظ کے لئے ان کا حوصلہ، ان کی بہادری اور ان کا جذبہ ہمیشہ دلوں میں زندہ رہے گا۔