قوم کی روح پر 18 اکتوبر 2007 کا دن ہمیشہ کے لیے نقش ہوچکا ہے: بلاول بھٹو زرداری

قوم کی روح پر 18 اکتوبر 2007 کا دن ہمیشہ کے لیے نقش ہوچکا ہے: بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 18 اکتوبر 2007 کو رونما ہونے والے سانحہ کارساز کی 18ویں برسی پر اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔

 انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیشہ کے لیے قوم کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا کیونکہ اسی دن لاکھوں لوگوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر تاریخی استقبال کیا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ وہ دن تھا جب 30 لاکھ سے زائد عوام نے جمہوریت کے حق میں آواز بلند کی، اور اسی دن 180 بہادر جیالوں نے جمہوری پاکستان کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر آمریت اور دہشت گردوں نے گٹھ جوڑ کر کے شہید بینظیر بھٹو کے کارواں پر حملہ کیا، تاکہ جمہوریت کے راستے کو روکا جا سکے، مگر شہداء کے لہو نے اس روشنی کو مزید روشن اور جلا بخش دی۔بلاول بھٹو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور کارساز کے شہداء کے مشن کو آگے بڑھائیں گے، تاکہ جمہوریت، آزادی اور عوام کے حقوق کا قیام یقینی بنایا جا سکے۔