فیلڈ مارشل عاصم منیر نے حالیہ خطاب میں افغانستان کے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ دائمی تشدد کے بجائے باہمی سلامتی کا راستہ اپنائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ طالبان حکومت کو چاہیے کہ وہ افغانستان میں پناہ لینے والی پراکسیوں پر قابو پائے، کیونکہ یہ عناصر پاکستان میں گھناؤنے حملوں کے لیے افغان سرزمین کا استعمال کرتے ہیں۔ عاصم منیر کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے، مسلح افواج اور عوام کے مشترکہ تعاون سے اس لعنت کو شکست دی جائے گی اور دہشت گردی کے خلاف کسی رعایت کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کی غلط تشریح کر کے دہشت گردی کو فروغ دینے والے گمراہ عناصر کے خلاف ہم کبھی نہیں جھکیں گے اور ان کا مقابلہ کریں گے۔ فیلڈ مارشل نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جاری ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کی مذمت کی اور کہا کہ بھارت اپنی بزدلانہ سیاست کو جاری رکھتے ہوئے، فتنہ الہند اور فتنہ الخوارج کو ہائریڈ گنز کے طور پر استعمال کر رہا ہے تاکہ اپنی بربادی کا راستہ روک سکے۔ انہوں نے یہ بھی باور کرایا کہ ہر محاذ پر پاکستانی فوج تیار ہے اور دشمن کی کسی بھی سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پرچم ہمیشہ سر بلند رہے گا اور ملک کی سلامتی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔