ایف بی آر کی آئی ایم ایف کو تجویز‘انٹرنیٹ اور سولر پینل مہنگے ہونے کاامکان

جنوری سے درآمدی سولر پینل پر سیلز ٹیکس کی شرح بڑھا کر18فیصد اورانٹرنیٹ پر ودہولڈنگ کی شرح20 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان میں سولر پینلز اور انٹرنیٹ کی قیمتوں میں آئندہ مہینوں میں اضافے کا امکان ہے۔حکومت پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) ممکنہ ریونیو خسارے کو پورا کرنے  کیلئے  متبادل ٹیکس اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ مجوزہ ایمرجنسی ٹیکس اقدامات آئی ایم ایف کی دوسری جائزہ رپورٹ کا حصہ ہوں گے جو ایک ارب ڈالر قرض کی تیسری قسط کی منظوری کے بعد ایگزیکٹو بورڈ کے سامنے پیش کی جائے گی۔یہ اقدامات اس وقت نافذ کیے جائیں گے اگر مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر)  کے دوران ریونیو میں کمی ایک مخصوص حد سے تجاوز کر جائے یا اگر وزارتِ خزانہ اخراجات کم کرنے میں ناکام ہو جائے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کی جانب سے آئی ایم ایف کو پیش کی گئی تجاویز میں ایک اہم تجویز یہ بھی ہے کہ جنوری 2026 سے درآمدی سولر پینلز پر جی ایس ٹی(سیلز ٹیکس )کی شرح 10  فیصد سے بڑھا کر 18  فیصد کر دی جائے۔ اسی طرح انٹرنیٹ سروسز پر ود ہولڈنگ ٹیکس کو بھی 15  فیصدسے بڑھا کر 18 سے 20 فیصد تک کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔