مریم نواز نے سی ایم سولر پینل سکیم فیز ٹو کی منظوری دے دی 90ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کا حکم

ستھرا پنجاب کے اشتراک سے سالڈ ویسٹ سے انرجی اور بائیو فیول پراجیکٹ پر پلان طلب ، تمام بڑے ہسپتالوں کے انرجی آڈٹ کا حکم دیدیا
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم سولر پینل سکیم فیز ٹو کی منظوری دے دی، مریم نواز نے فیز ٹو میں سولر پینل سکیم 90ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کا حکم بھی دے دیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے چولستان میں پانچ ہزار سولر پینل کے پائلٹ پراجیکٹ کی بھی منظوری دے دی جبکہ ستھرا پنجاب کے اشتراک سے سالڈ ویسٹ سے انرجی اور بائیو فیول پراجیکٹ پر پلان طلب کر لیا گیا۔مریم نواز شریف نے تمام بڑے ہسپتالوں کے انرجی آڈٹ کا حکم دے دیا جبکہ ہسپتالوں میں انرجی لوڈ کے مطابق الیکٹرک پینل لگانے کی ہدایت کر دی گئی۔وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں تین ہزار ٹن ویسٹ سے انرجی کے پائلٹ پراجیکٹ کی اصولی منظوری دی گئی۔صوبائی وزیر فیصل کھوکھر اور سیکرٹری انرجی نے تفصیلی بریفنگ دی، اینیمل ویسٹ، ایگری ویسٹ اور سالڈ ویسٹ سے بائیو انرجی اور بائیو فیول پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا، ننکانہ میں دھان اور دیگر فصلوں کی باقیات سے بائیوریفارئنری پراجیکٹ پر رپورٹ پیش کی گئی۔پنجاب میں کمرشل سکیل، پرائیویٹ ڈیریز اور کمیونٹی بیسڈ بائیو گیس پلانٹ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، چولستان میں 40 سائٹ پر واٹر سپلائی سکیمیں، سولر انرجی پر منتقل کرنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی