ٹورنٹو: کینیڈین گلوکار اور عالمی شہرت یافتہ ریپر ڈریک نے ٹورنٹو ریپٹرز کی خصوصی تقریب ’او وی او نائٹ‘ کے دوران ایک کم عمر مداح اور اس کی والدہ کو ایک لاکھ امریکی ڈالر کا تحفہ دے کر سب کی توجہ حاصل کرلی۔
این بی اے میچ کے دوران ٹائم آؤٹ کے موقع پر ڈریک نے اچانک اسٹیڈیم میں موجود ماں بیٹے کو خوشخبری سنائی کہ انہیں ایک لاکھ امریکی ڈالر دیے جا رہے ہیں۔ اس غیر متوقع اعلان پر ماں بیٹا حیران رہ گئے، جبکہ اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی اس لمحے کو خوب سراہا۔ڈریک کی جانب سے صرف مالی تحفہ ہی نہیں دیا گیا بلکہ ماں بیٹے کو ٹورنٹو ریپٹرز کے ایک میچ کے لیے کورٹ سائیڈ نشستیں بھی فراہم کی گئیں، جس سے ان کے لیے یہ موقع مزید یادگار بن گیا۔اس خوشگوار لمحے کی ویڈیو ایک اسپورٹس نیٹ ورک نے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کے بعد یہ واقعہ تیزی سے توجہ کا مرکز بن گیا۔ ویڈیو میں ڈریک کی جانب سے مداحوں کو خوشخبری سنانے اور ان کے ردعمل کو خاص طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ڈریک کی اس فیاضی کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی سراہا جا رہا ہے۔ شائقین کا کہنا ہے کہ کھیلوں کی تقریبات صرف مقابلوں اور کھلاڑیوں کی کارکردگی تک محدود نہیں ہوتیں بلکہ ایسے غیر متوقع اور خوشگوار لمحات بھی انہیں یادگار بنا دیتے ہیں۔