پاکستان کے جارح مزاج آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی، جنہیں بوم بوم آفریدی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، جہاں بھی جاتے ہیں، ان کے مداح انہیں محبت اور عقیدت کے ساتھ گھیر لیتے ہیں۔
حال ہی میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں آفریدی اپنے مداحوں کے درمیان موجود ہیں اور وہاں موجود ایک نوجوان جوڑے سے ملاقات ہو رہی ہے۔اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی اپنے شوہر اور بچے کے ہمراہ آفریدی سے ملنے آئی ہے اور بے حد خوشی اور جذبات کا اظہار کر رہی ہے۔ وہ کہتی ہے، "آپ حقیقت میں بہت ہی ہینڈسم ہیں، بہت اسمارٹ"۔ اس پر آفریدی مسکراتے ہوئے نہایت شائستگی سے جواب دیتے ہیں، "بیٹا، یہ بات آپ ایک نانا کو کہہ رہی ہیں"۔یہ جملہ نہ صرف محفل میں موجود لوگوں کو ہنسانے کا سبب بنا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی خوب زیرِ بحث رہا۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین نے مختلف ردعمل کا اظہار کیا۔ کچھ نے لڑکی کی تعریف کو "حد سے زیادہ جذباتی" قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کی گفتگو مناسب نہیں تھی۔ ایک صارف نے لکھا، "لوگ خود کو کیوں شرمندہ کرتے ہیں؟ اپنے باپ کی عمر کے مرد کی ایسی تعریف؟ یہ صرف ایک فین مومنٹ ہے۔"
دوسری طرف، بہت سے صارفین نے لڑکی کا دفاع کیا اور اسے محض ایک فین مومنٹ قرار دیا۔ ایک خاتون صارف نے کہا، "کیوٹ! میں تو حیران ہوں کہ لوگ اس پر بھی نیگیٹو کیوں ہو رہے ہیں۔ آفریدی نے ہمیشہ کی طرح بہت مہذب انداز میں جواب دیا۔" کچھ نے یہ بھی مشورہ دیا کہ آفریدی کو مزید ہلکے پھلکے انداز میں جواب دینا چاہیے تھا تاکہ لڑکی شرمندہ نہ ہوتی۔واضح رہے کہ شاہد آفریدی نہ صرف ایک عالمی شہرت یافتہ کرکٹر ہیں بلکہ وہ پانچ بیٹیوں کے والد بھی ہیں اور حال ہی میں نانا بننے کی خوشی منائی ہے۔ ان کی دو بڑی بیٹیوں کے ہاں ایک بیٹے اور ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، جس سے ان کی خوشی دوبالا ہو گئی ہے۔یہ ویڈیو اور ردعمل اس بات کا عکاس ہیں کہ آفریدی کی مقبولیت اور عوام کے ساتھ ان کا تعلق کس قدر محبت بھرا اور انسانیت سے بھرپور ہے۔