پیپلز پارٹی کی سوچ قابل مذمت، بلاول کے کراچی میں خون بہنے کے بیان کو فکس کرنا چاہئے، حافظ نعیم الرحمان

پیپلز پارٹی کی سوچ قابل مذمت، بلاول کے کراچی میں خون بہنے کے بیان کو فکس کرنا چاہئے، حافظ نعیم الرحمان

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام پر خون بہنے کی بات قابل مذمت ہے، پیپلز پارٹی کی اس سوچ کو مسترد کرتے ہیں۔

 جماعت اسلامی انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہے، تاہم اس کے لیے آئینی فریم ورک سامنے لایا جانا چاہیے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی اور میرپورخاص کا نام لے کر سندھ کے شہری علاقوں کی نشاندہی کی ہے۔ ان کے بقول پیپلز پارٹی کی سیاست میں لسانی تقسیم اور فسادات کا خوف پیدا کرنے کا عنصر موجود رہا ہے، جس کی جماعت اسلامی مذمت کرتی ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی نے 1972 میں بھی لسانی بل کے ذریعے فسادات کی فضا پیدا کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ایسا طرز عمل جو خون خرابے کی طرف لے جائے، اس کی روک تھام ضروری ہے۔ بلاول بھٹو سے پوچھا جانا چاہیے کہ انہوں نے نئے صوبوں کے معاملے پر خون بہنے کی بات کیوں کی۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سندھ ایک پرامن صوبہ رہا ہے جہاں مختلف زبانیں بولنے والے لوگ بھائی چارے کے ساتھ رہتے تھے، تاہم ان کے مطابق پیپلز پارٹی نے لسانی اختلافات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کی کرپشن یا مبینہ لوٹ مار پر سوال اٹھتے ہیں تو لوگوں کو تقسیم کرنے کی باتیں شروع ہو جاتی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کو موجودہ حکومتی نظام پر اعتراض ہے تو اسے صدر سمیت تمام حکومتی عہدوں سے استعفیٰ دینا چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر حکومت ناجائز ہے تو آصف علی زرداری کس کے ووٹوں سے صدر منتخب ہوئے؟ ان کے مطابق پیپلز پارٹی 2024 کے انتخابات کے نتائج سے فائدہ اٹھانے والی جماعت ہے۔کراچی کی سیاست کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمان نے الزام عائد کیا کہ کراچی کے میئر کے انتخاب میں بھی مبینہ طور پر ہیرا پھیری کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کی قومی اسمبلی کی سات نشستیں ناجائز ہیں، بلاول بھٹو زرداری ان نشستوں کے فارم 45 سامنے لائیں تاکہ حقائق واضح ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس وقت بھی حکومت کا حصہ ہے اور اگر اسے حکومت کے مینڈیٹ پر اعتراض ہے تو اسے اپنے حکومتی عہدوں سے علیحدہ ہونا چاہیے۔ حافظ نعیم الرحمان نے بلاول بھٹو کے پی ٹی آئی سے ہمدردی کے اظہار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں پی ٹی آئی سے ہمدردی ہے تو ماضی میں اس کی حکومت کیوں گرائی گئی؟

خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے معاملے پر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر صوبے میں ناجائز طریقے سے گورنر راج نافذ کیا گیا تو اس کی منظوری پر دستخط آصف علی زرداری نے کیے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کا گورنر صوبے کے معاملات چلا رہا ہے، اس لیے بلاول بھٹو کو اپنے مؤقف کی وضاحت کرنی چاہیے۔پریس کانفرنس کے دوران امیر جماعت اسلامی نے کسانوں کو درپیش مشکلات کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ گنے کی کرشنگ شروع نہ ہونے کے باعث کسان پریشان ہیں اور حکومت فوری طور پر گنے کی قیمت 700 روپے فی من مقرر کرے۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں زراعت کا شعبہ مسلسل تنزلی کا شکار ہے اور کسانوں کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی جمعہ کے روز شوگر ملز کے باہر دھرنے دے گی۔