نیویارک: امریکا میں خام تیل اور ایندھن کے ذخائر میں اضافے کی اطلاعات کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم امریکا اور ایران کے درمیان جاری فوجی کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی آمدورفت متاثر ہونے کے خدشات کے باعث قیمتوں میں کمی محدود رہی۔
عالمی مارکیٹ میں امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 56 سینٹ یعنی 0.65 فیصد کم ہوکر 85.45 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔اسی طرح عالمی معیار سمجھے جانے والے برینٹ خام تیل کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی۔ برینٹ کی قیمت 16 سینٹ یعنی 0.17 فیصد گر کر 92.98 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔مارکیٹ ذرائع نے منگل کے روز امریکی پیٹرولیم انسٹی ٹیوٹ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 13 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران امریکا کے خام تیل کے ذخائر میں 52 لاکھ 80 ہزار بیرل کا اضافہ ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق اسی عرصے میں امریکی پیٹرول کے ذخائر بھی 51 لاکھ 20 ہزار بیرل بڑھ گئے، جبکہ ڈیزل اور دیگر کشید شدہ ایندھن کے ذخائر میں 3 لاکھ 51 ہزار بیرل کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق امریکی ذخائر میں اضافے سے تیل کی رسد بہتر ہونے کی توقعات پیدا ہوئیں، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں قیمتوں پر دباؤ آیا۔ تیل اور ایندھن کی دستیابی میں اضافے سے فوری قلت کے خدشات بھی کسی حد تک کم ہوئے۔دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان جاری فوجی کشیدگی نے عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار رکھی ہوئی ہے۔ خصوصاً آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت میں ممکنہ رکاوٹوں کے باعث عالمی سطح پر خام تیل کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات موجود ہیں۔آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے تیل کی ترسیل کا ایک اہم بحری راستہ ہے، جہاں کسی بھی قسم کی طویل رکاوٹ عالمی منڈی میں سپلائی اور قیمتوں کو متاثر کرسکتی ہے۔