کمرشل ڈرائیورز کے طبی و نفسیاتی ٹیسٹ شروع

 لاری اڈا میں موبائل میڈیکل کیمپ میں نظر، طبی فٹنس، نفسیاتی صحت اور منشیات کے ٹیسٹ کیے گئے
لاہور (کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وڑن ’’محفوظ پنجاب، محفوظ سڑکیں‘‘ کے تحت حادثات کی روک تھام کے لیے لاری اڈا میں کمرشل ڈرائیورز کے طبی اور نفسیاتی معائنے کے لیے موبائل میڈیکل کیمپ قائم کر دیا گیا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کیمپ کا دورہ کیا اور اپنی موجودگی میں ڈرائیورز کے ٹیسٹ کروائے۔ کیمپ میں ڈرائیورز کی بینائی، کلر بلائنڈنس، طبی فٹنس اور نفسیاتی صحت کا معائنہ کیا گیا، جبکہ منشیات اور دیگر نشہ آور ادویات کے استعمال کی جانچ کے لیے خون کے نمونے بھی لیے گئے۔ رپورٹس آنے کے بعد ڈرائیورز کی سائیکولوجیکل پروفائلنگ کی جائے گی۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ڈرائیورز کا طبی اور نفسیاتی طور پر مکمل فٹ ہونا ضروری ہے۔ کریمنل ریکارڈ یافتہ ڈرائیورز کو گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ٹرانسپورٹرز لائسنس یافتہ ڈرائیورز رکھنے اور ان کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔