رکشہ ڈرائیورز کے کمرشل لائسنس کیلئے 4مراکز قائم

مناواں کے علاوہ اچھرہ، گریٹر اقبال پارک ، واپڈا ٹائون میں مراکز فعال 
لاہور(کرائم رپورٹر)سی ٹی اولاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے رکشہ ڈرائیورز کی سہولت کیلئے اہم اقدام کرتے ہوئے شہر کے چار مختلف مقامات پر کمرشل لائسنسنگ کی سہولت فراہم  کر دی ہے۔سی ٹی او لاہور کے مطابق پہلے رکشہ ڈرائیوروں کو کمرشل لائسنس کے حصول کیلئے صرف مناواں لائسنسنگ سینٹر جانا پڑتا تھا، تاہم اب مناواں کے علاوہ اچھرہ لائسنسنگ سینٹر ٹاؤن، گریٹر اقبال پارک اور واپڈا ٹاؤن سینٹرز بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔ رکشہ ڈرائیور جمعرات، جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز ان مراکز سے کمرشل لائسنس حاصل کر سکیں گے، جس سے انہیں طویل سفر اور انتظار کی زحمت سے نجات ملے گی۔سی ٹی او لاہورسید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ لائسنسنگ کا عمل مکمل کرنے والے رکشہ ڈرائیورز کی گاڑیوں میں فوری طور پر QR پینک بٹن بھی نصب کیا جائے گا تاکہ محفوظ سفر کے فروغ میں مدد مل سکے۔انہوں نے کہا کہ رکشہ ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین، روڈ سیفٹی اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ سے متعلق خصوصی آگاہی اور تربیتی لیکچرز بھی فراہم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لائسنس یافتہ اور تربیت یافتہ ڈرائیور ہی محفوظ ٹریفک نظام کی ضمانت ہیں جبکہ رکشہ ڈرائیورز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ لاہور ٹریفک پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔سی ٹی او لاہور نے مزید بتایا کہ لرنر لائسنس کے 42 روز مکمل ہونے کے بعد رکشہ ڈرائیور کمرشل لائسنس حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حادثات کی روک تھام اور محفوظ ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں اور لاہور ٹریفک پولیس عوامی سہولت اور محفوظ سفر کیلئے متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔