غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے 12 ملزم گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) اسلام نگر کے علاقے میں مسلح افراد کی موجودگی پر سندر پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق علاقے میں اسلحہ لے کر گھومنے والے ملزمان کے قبضے سے 14 رائفلیں، ریپیٹر اور چار پستول برآمد ہوئے۔ گرفتار ملزمان برآمد ہونے والے اسلحے کے لائسنس یا قانونی اجازت نامے پیش نہ کر سکے۔ ملزمان اسلحہ لے کر کہاں اور کس مقصد کے لیے جا رہے تھے، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف آرمز آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کا کہنا ہے کہ شہر میں اسلحہ لے کر خوف و ہراس پھیلانے اور اسلحے کی نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔