غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں گرفتاری پر والد آبدیدہ ہوگئے تھے‘ سنجے دت

پولیس کی جانب سے مجھے ہتھکڑیاں لگائے جانے پر والد صدمے میں چلے گئے تھے
ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار سنجے دت نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے معاملے میں گرفتاری کے بعد اپنے والد سنیل دت کے ردعمل کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے ہتھکڑیاں لگائے جانے پر والد صدمے میں چلے گئے تھے۔اداکار نے شیکھر سمن کے پروگرام شیکھر ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب پولیس نے مجھے ہتھکڑیاں لگائیں تو میرے والد کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور انہوں نے کہا کہ آپ میرے بیٹے کے ساتھ کیا کر رہے ہیں۔ سنجے دت کے مطابق میں نے اپنے والد کو گلے لگایا اور تسلی دیتے ہوئے کہا کہ ہتھکڑی لگانا قانونی کارروائی کا حصہ ہے، اس لیے آپ پریشان نہ ہوں تاہم، حقیقت میں میں خود اندر سے شدید تکلیف میں تھا، لیکن والد کے لیے مضبوط بننے کی کوشش کر رہا تھا۔سنجے دت نے بتایا ہے کہ مقدمے کی کارروائی کے دوران مجھے اس مشکل دور سے گزرنا پڑا، جو 24 سال تک جاری رہا۔