ملزم آن لائن ڈیلیور کرتے تھے ،410پتنگیں اور چار چرخیاں برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کی زیرنگرانی پتنگ فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ مزنگ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین پتنگ فروشوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق دورانِ پٹرولنگ ایم اے او کالج کے قریب سے ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ ان کے قبضے سے 410 پتنگیں اور چار چرخیاں برآمد ہوئیں۔ گرفتار ملزمان آصف، نواز اور انس پتنگیں تیار کرکے لاہور کے مختلف علاقوں میں آن لائن ڈیلیور کرتے تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی، پتنگ فروشی اور پتنگ سازی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔