ملزموں نے روحانی عمل کے بہانے شہری کو چار قدم آگے چلنے کا کہا اور 2لاکھ لے کر رفو چکر ہو گئے
نوانکوٹ کے علاقے میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے کارروائی، نوسر باز پولیس کے ہتھے چڑھ گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)نوانکوٹ میں روحانی علاج کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والے نوسربازوں کو سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزموں نے جعلی پیر بن کر شہری کو روحانی علاج کا جھانسہ دیا اور دو لاکھ سے زائد رقم ہتھیا لی۔ ملزموں نے روحانی عمل کے بہانے شہری کو چار قدم آگے چلنے کا کہا اور اس دوران اسکی توجہ ہٹا کر رقم سمیت فرار ہو گئے۔واقعے کے بعد سیف سٹی کی ورچوئل پٹرولنگ ٹیم نے کیمروں کی مدد سے ملزموں کی تلاش شروع کی اور فوٹیجز و جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سراغ لگا لیا۔ سیف سٹی ٹیم نے ملزموں کی تصاویر اور اہم ڈیجیٹل شواہد متعلقہ پولیس کو فراہم کیے، جس پر پولیس نے ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ترجمان سیف سٹیز نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ جعلی پیروں اور روحانی علاج کے نام پر فراڈ کرنے والے عناصر سے ہوشیار رہیں۔ کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا فراڈ کی صورت میں فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔