کانسٹیبل توقیر، اقبال، واجد اور علی نے 2 شہریوں کو اغوا کرکے 25 لاکھ تاوان کا مطالبہ کیا
متاثرہ افراد کے اہلخانہ نے 6 لاکھ 75 ہزار دے کر نوجوانوں کو بازیاب کروایا،3اہلکار گرفتار
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کے اہلکاروں نے سی سی ڈی کے نام پر شہریوں کو لوٹنا شروع کر دیا۔ پولیس کے مطابق رائیونڈ تھانہ میں 4 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ کانسٹیبل توقیر، اقبال، واجد اور علی نے شہری کو حبس بے جا میں رکھا۔ پولیس ملازمین نے خود کو سی سی ڈی کا اہلکار ظاہر کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق اہلکار 2 شہریوں کو اغوا کرکے 25 لاکھ تاوان کا مطالبہ کرتے رہے۔ ملزموں نے شاہد اور ندیم کو پولیس مقابلے میں مارنے کی دھمکیاں دیں۔ ملزموں نے مغوی افراد کو زبردستی منشیات فروشی کا اعتراف کرنے کی ویڈیوز بنوائیں۔ متاثرہ افراد کے اہلخانہ نے 6 لاکھ 75 ہزار دے کر نوجوانوں کو بازیاب کروایا۔ تینوں پولیس ملازمین سے تفتیش جاری ہے۔ اہلکاروں کے موبائل فون قبضے میں لے کر ویڈیوز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ متاثرہ شہری محمد ندیم کے بیان پر درج کیا گیا۔