ایمن خان اور منیب بٹ کا کراچی کو جیل کہنے پر حنا الطاف کو دوٹوک جواب

ایمن خان اور منیب بٹ کا کراچی کو جیل کہنے پر حنا الطاف کو دوٹوک جواب

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکار جوڑی ایمن خان اور منیب بٹ نے اداکارہ حنا الطاف کے کراچی کو جیل سے تشبیہ دینے والے بیان سے اختلاف کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

دونوں فنکاروں کے مؤقف کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہوگئی۔حال ہی میں برطانیہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایمن خان اور منیب بٹ سے حنا الطاف کے اس بیان کے بارے میں سوال کیا گیا جس میں انہوں نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہر کو جیل قرار دیا تھا۔اس سوال کے جواب میں ایمن خان کا کہنا تھا کہ خواتین اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ بااختیار ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ذاتی طور پر کراچی میں کبھی ایسے حالات کا سامنا نہیں کرنا پڑا جن کی بنیاد پر وہ شہر کو غیر محفوظ یا جیل جیسا سمجھیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے حنا الطاف کا تجربہ ان سے مختلف رہا ہو۔دوسری جانب منیب بٹ نے بھی حنا الطاف کے بیان سے اختلاف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں حالات اب پہلے سے بہتر ہو رہے ہیں اور صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔

ایمن خان اور منیب بٹ کے اس مؤقف پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔ بعض صارفین نے دونوں فنکاروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی مراعات یافتہ حیثیت کو مدنظر رکھنا چاہیے، کیونکہ عام شہریوں، خصوصاً خواتین، کو روزمرہ زندگی میں مختلف مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔دوسری جانب کچھ صارفین نے حنا الطاف کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ شہر میں شہریوں کو درپیش مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔