پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا الطاف نے دورانِ پرواز ایک مسافر کے مبینہ نامناسب رویے پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کردی۔
اداکارہ نے کہا کہ طیارے میں ان کے قریب بیٹھے شخص کی مسلسل گھورنے کی حرکت نے انہیں شدید ذہنی کوفت اور بے آرامی میں مبتلا کیا۔حنا الطاف نے انسٹاگرام اسٹوری میں اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دورانِ پرواز ایک مسافر مسلسل ان کی جانب دیکھ رہا تھا، جس کے باعث وہ خود کو غیر آرام دہ محسوس کرنے لگیں۔اداکارہ کے مطابق جب انہیں محسوس ہوا کہ مذکورہ شخص انہیں مسلسل گھور رہا ہے تو انہوں نے اس کی ویڈیو بنانا شروع کردی۔ حنا الطاف کا کہنا تھا کہ ویڈیو بنتے دیکھ کر اس شخص نے کچھ دیر کے لیے اپنا چہرہ چھپا لیا، تاہم بعد ازاں اس نے دوبارہ انہیں گھورنا شروع کردیا۔اداکارہ نے مسافر کے اس مبینہ رویے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے بے شرمانہ قرار دیا اور اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔
لباس پر سوال اٹھا کر نامناسب رویے پر تنقید
حنا الطاف نے طیارے میں بیٹھے اپنی ایک تصویر بھی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی، جس میں وہ سادہ لباس، چشمہ اور فیس ماسک پہنے دکھائی دے رہی ہیں۔تصویر کے ساتھ اداکارہ نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ کیا ان کے لباس میں کوئی خرابی تھی؟ انہوں نے خود ہی اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بالکل نہیں۔اداکارہ کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا پر ذاتی حدود اور خواتین کے احترام سے متعلق بحث کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ کسی خاتون کے لباس سے قطع نظر اسے دورانِ سفر باعزت اور محفوظ ماحول فراہم کیا جانا چاہیے۔