خیبر کے علاقے اکاخیل میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں کھانا کھانے کے کچھ ہی دیر بعد دو کمسن بہن بھائی اچانک بے ہوش ہوکر جاں بحق ہوگئے۔
واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس اور اہل خانہ کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا۔ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت 7 سالہ زمر خان اور 8 سالہ ایمن کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں بچوں نے گھر میں کھانا کھایا، جس کے تقریباً 10 منٹ بعد ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی اور وہ بے ہوش ہوگئے۔واقعے کے فوری بعد بچوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق ایک بچے کو اسپتال پہنچنے پر مردہ قرار دے دیا گیا، جبکہ دوسری بچی کو تشویشناک حالت میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔
ڈپٹی کمشنر شاہد علی کا کہنا ہے کہ دونوں بچوں کی اچانک اموات کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ واقعے کی وجوہات جاننے اور حقائق کا تعین کرنے کے لیے میڈیکل ٹیم اکاخیل روانہ کر دی گئی ہے۔میڈیکل ٹیم واقعے کا جائزہ لے گی اور بچوں کی اموات سے متعلق ضروری معلومات اور شواہد اکٹھے کرے گی تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ کھانا کھانے کے بعد اچانک طبیعت بگڑنے کی وجہ کیا بنی۔