تخت بھائی کے علاقے لوندخوڑ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد متاثر ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد کو فوری طور پر مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جہاں 7 سالہ بچہ موسیٰ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ اس کی والدہ اور 5 سالہ بہن بے ہوشی کی حالت میں ہیں اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ممکنہ طور پر زہریلا یا مضر صحت کھانا کھانے کے باعث پیش آیا، تاہم اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے کھانے کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے ہیں تاکہ یہ واضح کیا جا سکے کہ آلودگی یا زہر کس طرح کھانے میں شامل ہوا۔مقامی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ خاندان کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جا سکے۔