گجرانوالہ: ہوٹل کی بریانی کھانے کے بعد دو بہن بھائی ہلاک، وجہ جاننے کی کوشش

گجرانوالہ: ہوٹل کی بریانی کھانے کے بعد دو بہن بھائی ہلاک، وجہ جاننے کی کوشش

گجرانوالہ کے علاقے عالم چوک کے قریب تھانہ اروپ کی حدود میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جس میں ہوٹل سے خریدی گئی مضر صحت بریانی کھانے سے دو کمسن بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق بچوں کے والد، مبشر، نے اپنے اہل خانہ کے لیے قریبی ہوٹل سے بریانی خریدی تھی۔ سحری کے وقت بچوں عبدالہادی اور خضرہ نے وہ بریانی کھائی۔ کھانے کے کچھ دیر بعد دونوں کی طبیعت خراب ہونا شروع ہوگئی، اور انہیں فوری طور پر ایک قریبی ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا۔ تاہم، دونوں بچے جانبر نہ ہوسکے اور دم توڑ گئے۔پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر فوراً کارروائی کرتے ہوئے بچوں کی لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی طور پر پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کیں، تاہم بچوں کے والدین نے کسی پر شک ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی مقدمہ درج کروایا۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ کھانے کے نمونے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں، اور رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ وجہ معلوم کی جا سکے۔ پولیس کے مطابق بریانی وہ سحری میں کھائی گئی تھی، جو رات کو خریدی گئی تھی۔پولیس نے ابتدائی طور پر زیر دفعہ 174 رپورٹ درج کی ہے اور اس وقت تحقیقات جاری ہیں۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔ اس واقعے کے بعد شہریوں کو ہوٹل سے کھانے پینے کی اشیاء خریدتے وقت احتیاط برتنے کی ہدایت کی جا رہی ہے تاکہ اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔