سسٹم کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے، مگر یہ سیاسی ہوگا، غیر سیاسی نہیں: بلاول بھٹو

سسٹم کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے، مگر یہ سیاسی ہوگا، غیر سیاسی نہیں: بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے نظام کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے، تاہم یہ عمل غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ سسٹم تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کیا گیا ہے، اس لیے اصلاحات کا آغاز پارلیمان سے ہونا چاہیے۔کراچی پریس کلب میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کے موجودہ نظام کو درپیش مسائل کا حل اسے ری سیٹ کرنے میں ہے۔ ان کے مطابق اس عمل کا آغاز پارلیمان سے کیا جانا چاہیے تاکہ سیاسی نظام اور اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی اتنے خراب معاشی حالات نہیں دیکھے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپوزیشن کا پارلیمان پر اعتماد بحال کرے تاکہ حزب اختلاف بھی پارلیمانی عمل کا حصہ بنے اور مختلف کمیٹیوں میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی پارلیمانی نظام سے بداعتمادی کی بھی وجوہات ہیں، جن پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ بلاول بھٹو کے مطابق جمہوری نظام میں اختلاف رائے اور تنقید کی گنجائش ہونی چاہیے اور اپوزیشن کو اپنا کردار ادا کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔

اپوزیشن پر دباؤ سے نظام کمزور ہوتا ہے، بلاول
بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا کام حکومت پر تنقید کرنا ہے اور مولانا فضل الرحمان بھی اپوزیشن رہنما کی حیثیت سے حکومت پر تنقید کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی رہنما کی تقریر کے جواب میں نیب کو اس کے پیچھے لگا دیا جائے، اس کے بیٹوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے یا اچانک اس کے گھر کے نقشے اور تجاوزات کے معاملات سامنے آنے لگیں تو اس سے نظام کمزور ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کا جواب سیاسی انداز میں دیا جانا چاہیے، کیونکہ مخالف آوازوں کو دبانے کے اقدامات سے پارلیمانی نظام پر اعتماد متاثر ہوتا ہے۔

اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سب سے پہلے ریاستی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق ملک کے سیاست دان عوام کے بنیادی مسائل سے دور ہوتے جا رہے ہیں اور سیاسی مباحثے میں نفرت اور تقسیم کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کو عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے، کیونکہ سیاسی اختلافات اور تقسیم کے باعث شہریوں کے روزمرہ مسائل پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔

مہنگائی نے عوام کی مشکلات بڑھا دیں
معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جس تیزی سے مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، اس میں عام آدمی کے لیے گھر کا خرچ چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ عوام پر بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ کو کم کرنے کے لیے اقدامات کریں اور شہریوں کو ریلیف فراہم کریں۔