فرانس میں مہنگائی، تنخواہوں میں اضافے اور تعلیمی اداروں کی خراب صورتحال کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران پولیس نے حالیہ ہفتوں میں تقریباً 15 ہزار افراد کو حراست میں لے لیا۔
احتجاجی تحریک نے ملک کے مختلف شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، جبکہ بعض مظاہروں کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔عرب میڈیا اور خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانسیسی وزیر انصاف جیرالڈ درمانین نے پارلیمنٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 17 اکتوبر سے مہنگائی اور تنخواہوں کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران 7 ہزار 184 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں سے بعض مظاہروں نے پرتشدد شکل اختیار کر لی اور مختلف شہروں میں ہنگامہ آرائی کے واقعات پیش آئے۔وزیر انصاف کے مطابق تعلیمی اداروں کی صورتحال کے خلاف ستمبر سے جاری طلبہ کے احتجاج کے دوران بھی تقریباً 8 ہزار افراد کو حراست میں لیا گیا۔ طلبہ کی جانب سے اسکولوں کے حالات، تعلیمی سہولیات اور دیگر مسائل کے خلاف مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
جیرالڈ درمانین نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ مہنگائی اور تنخواہوں کے خلاف احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے افراد میں سے 3 ہزار 53 کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی، جبکہ 666 مقدمات میں سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ ان میں 195 افراد کو براہ راست جیل بھیج دیا گیا، جبکہ دیگر کو معطل سزائیں دی گئیں۔انہوں نے گرفتار افراد کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے خلاف مظاہروں میں حراست میں لیے گئے افراد میں 4 ہزار 523 بالغ اور 2 ہزار 661 نابالغ شامل ہیں۔
وزیر انصاف کے مطابق طلبہ کے احتجاج کے دوران حراست میں لیے گئے تقریباً 8 ہزار افراد میں سے صرف تین افراد کو بدستور حراست میں رکھا گیا ہے۔ ان تینوں پر پولیس اہلکاروں یا اساتذہ پر حملے کے الزامات ہیں۔فرانسیسی حکومت کو ایک جانب مہنگائی اور عوام کی قوت خرید میں کمی کے خلاف احتجاج کا سامنا ہے تو دوسری جانب تعلیمی اداروں میں سہولیات اور نظام کی بہتری کے مطالبات بھی زور پکڑ رہے ہیں۔