فرانس کے مختلف شہروں میں طلبا نے تعلیمی نظام میں مسائل اور ناکافی سہولیات کے خلاف احتجاج کیا، جس کے دوران بعض مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
پیرس سمیت مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں کے باعث درجنوں اسکول بند رہے، جبکہ کئی طلبا کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ بعض مقامات پر حالات کشیدہ ہونے کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔حکام کے مطابق احتجاجی کارروائیوں کے دوران تقریباً 2 ہزار مظاہرین کو حراست میں لیا گیا۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ کئی اسکولوں میں کلاس رومز میں طلبا کی تعداد گنجائش سے زیادہ ہے، جبکہ اساتذہ کی کمی بھی تعلیمی معیار کو متاثر کر رہی ہے۔ طلبا نے اسکولوں کی خستہ حال عمارتوں، بنیادی تعلیمی سہولیات کی کمی اور تعلیم کے شعبے کے لیے ناکافی فنڈنگ پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔طلبا نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات بہتر بنانے، اساتذہ کی کمی دور کرنے اور اسکولوں کے لیے مزید وسائل مختص کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔