لاہور کے علاقے سندر اڈہ کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثے میں ٹریکٹر ٹرالی کی لوڈر رکشے کو ٹکر کے نتیجے میں 5 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت ایمان فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق ایمان فاطمہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ لوڈر رکشے میں سوار ہو کر منڈی احمد آباد جا رہی تھی کہ سندر اڈہ کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے رکشے کو ٹکر مار دی۔ تصادم کے نتیجے میں 5 سالہ ایمان فاطمہ شدید زخمی ہو گئی اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی شروع کر دی۔ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور صابر کو گرفتار کر لیا، جبکہ ٹریکٹر ٹرالی بھی تحویل میں لے لی گئی۔پولیس کے مطابق گرفتار ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔