عباس عراقچی نے وفد کیساتھ ملاقات کی‘پاکستان ثالثی کیلئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے، کردار سے مطمئن ہیں،ای سی او ممالک نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کیلئے تہران کے منصوبے کی حمایت کی ہے:ایرانی وزیر خارجہ کی صحافیوں سے گفتگو
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل چارلس رولینڈ واکی ملاقات میں فوجی تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ ‘ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رافت دالکران نے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا
راولپنڈی(آئی این پی )چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں برادر ملکوں کے مابین باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال اور بدلتے ہوئے جیو پولیٹیکل حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں فریقین نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے پر بھی غور کیا۔ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کے لئے دونوں برادر ممالک کے درمیان مسلسل رابطے، باہمی اعتماد اور قریبی آہنگ کو انتہائی اہم قرار دیا۔یف آف ڈیفنس فورسز نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کی موجودہ سلامتی کی صورتحال کے پیش نظر قریبی تعاون دونوں ممالک کے مفاد اور علاقائی امن کے لیے ضروری ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لئے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی بھرپور تحسین کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے ملک کی شدید خواہش کا اعادہ کیا۔دونوں رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے کے امن اور باہمی تعلقات کی بہتری کے لیے ایسے اعلی سطح کے رابطے مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔دریں اثنا ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ای سی او ممالک نے امریکا کے ساتھ جنگ ختم کرنے کی کوششوں کے تحت آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کیلئے تہران کے پیش کردہ منصوبے کی حمایت کی ہے۔ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تہران اسلام آبادکے ثالثی کردار سے مطمئن ہے، پاکستان ثالثی کیلئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے، ہم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے پر مطمئن ہیں‘دریں اثناء چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل چارلس رولینڈ واکر نے ملاقات کی جس میں فوجی تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کو جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون مزید بڑھانے کے امکانات پر گفتگو کی گئی‘علاوہ ازیںترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رافت دالکران نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا،،آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور اسٹریٹجک تعلقات کو اجاگر کیا اور پاکستان اور ترکیہ کی مسلح افواج کے مابین مضبوط دفاعی شراکت داری کو سراہا، ترک فضائیہ کے کمانڈر نے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا