حکومت نے3ہزار177ارب68کروڑ کی ضمنی گرانٹس بغیر منظوری جاری کردیں آڈٹ رپورٹ

 مالی سال 2024-25 میں وفاقی حکومت کے مجموعی اخراجات 41 ہزار 335 ارب روپے رہے جبکہ حتمی بجٹ میں 39 ہزار 345 ارب  مختص کئے گئے تھے
 قرضوں کی اصل رقم کی ادائیگی کیلئے ضروریات کا مناسب جائزہ لئے بغیر ایک ہزار 833 ارب  کی اضافی گرانٹ جاری کی ،  مجموعی ضمنی گرانٹس کا 92 فیصدمنظور نہ کرایا گیا
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی حکومت کی جانب سے3ہزار177ارب68کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹس پارلیمنٹ سے منظور نہ کرانے کا انکشاف ہوا ہے۔ حکومت نے مجموعی ضمنی گرانٹس کا 92 فیصد پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر جاری کیا، جبکہ اسی مالی سال میں منظور شدہ حتمی بجٹ سے ایک ہزار 990 ارب روپے زائد اخراجات بھی کیے گئے۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024-25 میں وفاقی حکومت کے مجموعی اخراجات 41 ہزار 335 ارب روپے رہے، جبکہ حتمی بجٹ میں 39 ہزار 345 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔ حکومت نے 9 مطالبات کے تحت 187 ارب 68 کروڑ روپے کے اضافی اخراجات بھی ضمنی گرانٹ کے بغیر کیے۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ قرضوں کی اصل رقم کی ادائیگی کے لیے ضروریات کا مناسب جائزہ لیے بغیر ایک ہزار 833 ارب روپے کی اضافی گرانٹ جاری کی گئی، جبکہ وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز نے 3 ہزار 809 ارب روپے کے غیر ضروری بجٹ مطالبات کیے۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق 115 کاسٹ سینٹرز میں فنڈز استعمال نہ ہونے کے باعث 87 ارب 33 کروڑ روپے لیپس ہوگئے، جبکہ جاری کردہ ضمنی گرانٹس میں سے 41 ارب 68 کروڑ روپے بھی استعمال نہیں کیے جاسکے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے مجموعی اخراجات کا 84.31 فیصد قرضوں کے سود اور اصل رقم کی ادائیگی پر خرچ ہوا۔ مالی سال 2024-25 کے دوران قرضوں کی ادائیگی اور سود کی مد میں مجموعی طور پر 34 ہزار 851 ارب روپے خرچ کیے گئے، جس کے بعد سماجی اور معاشی شعبوں کے لیے مجموعی اخراجات کا صرف 15.69 فیصد حصہ باقی بچا۔آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق جنرل پبلک سروس کے شعبے پر مجموعی اخراجات کا 95.76 فیصد خرچ کیا گیا۔ وفاقی حکومت نے مالی سال کے دوران 6 ہزار 910 ارب روپے کا قرض واپس کیا، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 17 فیصد کم ہے۔ حکومت کے مجموعی مالی وسائل میں قرضوں کا حصہ 76.40 فیصد رہا۔