ترقیاتی سکیموں کیلئے 3 ارب 80 کروڑ کے فنڈز کی منظوری

 زرعی ادویات میں ملاوٹ پرنظام کی بہتری کے پوزیشن پیپر کی منظوری بھی دی گئی 
 لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے رواں مالی سال کے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 46 ویں اجلاس میں مختلف ترقیاتی سکیموں کیلئے 3 ارب 80 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دیدی۔ اجلاس کی صدارت قائم مقام چیئرمین پی اینڈ ڈی بی رفاقت علی نے کی۔ جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ان میں کوٹلہ موسیٰ خان سے کچی موڑی تک روڈ کی توسیع و کارپٹنگ اور فردوس سینما پھاٹک پر فلائی اوور کی تعمیر کیلئے 1ارب 57 کروڑ ، ڈھمونکے سے دھالکے گورایہ ڈسکہ، سیالکوٹ تک سڑک کی بحالی و تعمیر نو کیلئے 84 کروڑ ، ملتان میں پی پی ایس سی کے ریجنل آفس اور فیسلی ٹیشن سینٹر کی تعمیر کیلئے 1 ارب 11 کروڑ، کوہِ سلیمان، ڈی جی خان ڈویڑن میں صنعتی معدنیات کی معاشی جانچ پی سی ٹوکیلئے 28 کروڑ کے فنڈز شامل ہیں۔ اجلاس میں واٹر ریسورسز فیصل آباد سٹی فیز-II کی مدت میں توسیع کے پوزیشن پیپر، زرعی معلومات کی ڈیجیٹل شمولیت اور ترسیل کیلئے عہدوں کی تخلیق اور گاڑیوں کی خریداری کے پوزیشن پیپر اور موبائل پیسٹ سرویلنس سکواڈز اور زرعی ادویات میں ملاوٹ کیخلاف نظام کی بہتری کے پوزیشن پیپر کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں چیف اکانومسٹ مسعود انور ، ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ سیکٹرز کے افسر بھی شریک ہوئے۔