ویب ڈیسک:اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے 42 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کی ہیں۔
فورس کی جانب سے کی جانے والی 11 مختلف کارروائیوں میں 13 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 37 کلو گرام منشیات ضبط کی گئی۔ترجمان کے مطابق، اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب ایک کارروائی کے دوران ملزم سے 90 گرام چرس برآمد کی۔ دورانِ تفتیش ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔مزید برآں، مانسہرہ میں جی ٹی روڈ پر ایک کار کے خفیہ خانوں سے 8 کلو گرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ برہان انٹرچینج اٹک کے قریب 2 ملزمان سے 4.4 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ اسی طرح، مانسہرہ میں ہوٹل کے قریب ایک اور کارروائی کے دوران 7 کلو گرام چرس ضبط کی گئی۔
سرگودھا اور گجرات میں بھی منشیات کی برآمدگی کی خبریں سامنے آئی ہیں، جہاں یونیورسٹی روڈ سرگودھا سے 5 کلو چرس اور شاہین چوک گجرات سے 3.6 کلو چرس کے ساتھ ایک کلو آئس ضبط کی گئی۔اسلام آباد، وزیر آباد روڈ سیالکوٹ، ڈی جی خان، پشاور اور مظفر گڑھ میں بھی مختلف کارروائیوں میں چرس، آئس اور افیون برآمد کی گئی۔اینٹی نارکوٹکس فورس نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔