گوجرانوالہ کے علاقے کوٹلی گل محمد میں اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) اور منشیات اسمگلروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں چار منشیات اسمگلر مارے گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہ گیر جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوئی، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام ملزمان کا تعلق ضلع خیبر سے ہے اور یہ اسمگلر شیخوپورہ سے گوجرانوالہ کی حدود میں داخل ہوئے تھے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس لاہور کی ٹیم ان کا پیچھا کر رہی تھی۔پولیس کے مطابق ملزمان کی کار سے بڑی مقدار میں منشیات اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، اور علاقے میں مزید کارروائیاں جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ سہولت کار کو گرفتار کیا جا سکے۔پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے اور واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔