وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ٹیکس چوری کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ٹیکس چوری کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان

ویب ڈیسک: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی اور حکومت ان افراد اور شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات کرے گی جو اپنی استعداد کے باوجود ٹیکس نہیں دیتے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایف بی آر کا اجلاس ہوا جس میں ٹیکس دائرہ کار اور آمدن بڑھانے پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب، احد چیمہ، عطاء اللّٰہ تارڑ اور چیئرمین ایف بی آر شریک ہوئے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس چوروں کے خلاف کڑا احتساب کیا جائے گا اور ایسے افسران و اہلکاروں کا بھی محاسبہ کیا جائے گا جو ٹیکس چوری میں ملوث افراد کی معاونت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ ٹیکس کی شرح کم کر کے عام آدمی پر بوجھ کم کرنا چاہتے ہیں اور سیمنٹ اور دیگر شعبوں میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ کو رواں برس جون تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ تمباکو کے شعبے میں ٹیکس آمدن کے لیے صوبوں کے ساتھ اقدامات تیز کیے جائیں گے، اور ٹیکس سے متعلق زیرِ التواء مقدمات کی مؤثر پیروی کر کے ملک و قوم کے پیسے کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے اور ملکی ترقی کے لیے سب کو اپنی ذمے داری نبھانی ہوگی۔