ایرانی جوہری فائل آنیوالے سال میں حساس اور پیچیدہ ہوگی، لیکن ہم حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں
تہران(آئی این پی )ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ان کے ملک کے جوہری پروگرام کے مسئلے کو سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کا موقع موجود ہے، لیکن یہ محدودہے۔عباس عراقچی نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر رافیل گروسی کے ایران کے دورے کے بعد سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ اب بھی سفارت کاری کا موقع موجود ہے، حالاں کہ یہ موقع بہت زیادہ نہیں ہے۔ گروسی نے ایران میں دو بڑے جوہری مقامات کا دورہ کیا، جبکہ ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے زور دیا کہ وہ اپنے ملک کے جوہری پروگرام کے حوالے سے کسی قسم کے شکوک و شبہات یا ابہام کو دور کرنا چاہتے ہیں۔ عراقچی نے کہا کہ ایرانی جوہری فائل آنے والے سال میں حساس اور پیچیدہ ہوگی، لیکن ہم تمام حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام پر بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی اور ادارے کے اندر مغربی ممالک کے ساتھ اپنے تنازعہ میں تصادم یا تعاون کے لیے تیار ہے۔