عالمی امن کو یقینی بنانے کیلئے جنگوں کے بجائے مذاکرات کو ترجیح دینا ہوگی:سپیکر قومی اسمبلی

اقوام عالم کو ان مسائل کے فوری حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے، سردار ایازصادق کی سپین کے پارلیمانی وفد سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور دہشتگردی جیسے مسائل پر قابو پانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ضروری ہے‘ عالمی امن کو یقینی بنانے کیلئے جنگوں کے بجائے مذاکرات کو ترجیح دینا ہوگی۔ سپیکر نے کشمیر اور فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم کو ان مسائل کے فوری حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے سپین کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں انسداد دہشتگردی، انسانی حقوق کی فراہمی، عالمی امن کے حصول اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد سے بات کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اورسپین کے درمیان زراعت، ٹیکنالوجی، تجارت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو پارلیمانی روابط سے مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے سپین کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات احترام اور بھائی چارے پر مبنی ہیں۔ سپیکر نے اسپین کے پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کو سراہا۔سپیکر نے کہا کہ زراعت، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافت جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے سپین میں مقیم پاکستانیوں کو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر سراہا۔انسداد دہشتگردی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور دہشتگردی جیسے مسائل پر قابو پانے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کیا کہ عالمی امن کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے جنگوں کے بجائے مذاکرات کو ترجیح دینا ہوگی۔سپین کے پارلیمانی وفد نے پاکستان میں اپنے پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر تصور کرتے ہیں۔