عالمی قوانین کا احترام کرنے کی اپیلوں کے بعد اب اسرائیل سے معمول کا تعاون جاری نہیں رکھ سکتے،جوزپ بوریل
برسلز(یواین پی) یورپی یونین نے غزہ میں بدترین مظالم کیخلاف اسرائیل کیخلاف تجارتی پابندیاں لگانے پر غور شروع کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سربراہ یورپی یونین خارجہ و سکیورٹی پالیسی جوزپ بوریل نے بتایا ہے کہ 18نومبر کو یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کی ہونیوالی ملاقات میں پہلی بار اسرائیل کیخلاف پابندیاں عائد کرنے اور غزہ میں جنگی کارروائیوں کے دوران انسانی حقوق کی پاسداری میں ناکامی کی وجہ سے اس کیساتھ سیاسی مذاکرات منجمد کرنے پر بات کی جائے گی۔ بوریل نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ ایک سال تک اسرائیلی حکام سے عالمی قوانین کا احترام کرنے کی اپیلیں کرنے کے بعد اب ہم اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعاون کو جاری نہیں رکھ سکتے، اس لئے یورپی یونین کے ممالک کو درآمد پر پابندی لگانے کی تجویز دی ہے۔