بھارت:ہسپتال میں آگ لگنے سے 10نومولود بچے ہلاک،16بری طرح جھلس گئے

 آئی سی یو میں موجود آکسیجن فراہم کرنے والے یونٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی،ہسپتال انتظامیہ
نئی دہلی (آئی این پی)بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے 10نومولود بچے ہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر جھانسی کے ایک ہسپتال کے نومولود بچوں کے لیے بنائے گئے آئی سی یو میں گذشتہ رات آگ بھڑک اٹھی۔ آگ سے 10نومولود ہلاک ہوگئے۔ہسپتال حکام کے مطابق آگ سے بری طرح جھلس جانے والے 16نومولود بچوں کو بچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ آتشزدگی کے وقت آئی سی یو میں 54بچے داخل تھے۔ اترپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر کا کہنا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر آئی سی یو میں موجود آکسیجن فراہم کرنے والے یونٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔واقعہ کے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔