وین میں حفاظتی آلہ موجود نہیں تھا، گنجائش سے زائد بچے سوار تھے
راولپنڈی ( خصوصی رپورٹ) مری میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی وین حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 11 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق مری میں لوئر موہڑا بڑاہوتر کے قریب اسکول وین بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گری، جس کے بعد وین میں آگ لگ گئی۔ گاڑی میں نجی اور سرکاری اسکولوں کے بچے سوار تھے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور تمام بچوں کو گاڑی سے نکال لیا۔ زخمی بچوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سول ہسپتال مری منتقل کیا گیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو فائر فائٹنگ ٹیم نے گاڑی میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کے مطابق حادثے میں بچے جھلس کر زخمی ہوئے، جن میں سے چار کو ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق وین میں بیٹری کی اسپارکنگ کے باعث آگ لگی۔ گاڑی میں آگ بجھانے والا آلہ بھی موجود نہیں تھا۔ سوزوکی کیری میں نشستوں کی گنجائش آٹھ بالغ یا 10 بچوں کی تھی، جبکہ حادثے کے وقت گاڑی میں 11 بچے سوار تھے۔