پشاور،اسلا م آباد(آئی این پی ) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق سینیٹر الیاس احمد بلور انتقال کرگئے۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے الیاس احمد بلور کے اِنتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی ہے ۔تفصیل کے مطابق الیاس بلور کے بھائی اور سینئر رہنما اے این پی غلام بلور کے مطابق مرحوم الیاس احمد بلور کئی ماہ سے پشاور کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے اور گردوں کے مرض میں مبتلا تھے، ہفتہ کی صبح 4 بجے الیاس بلور کا انتقال ہوا، 1940میں پیدا ہونے والے الیاس بلور کی عمر 84برس تھی۔الیاس بلور 2012میں اے این پی کے سینیٹر بنے تھے، مرحوم سیاست کے آغاز سے ہی اے این پی سے وابستہ تھے، الیاس بلور کے بیٹے غضنفر بلور نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے بعد الیاس بلور نے اپنی سیاسی سرگرمیاں ختم کردی تھیں۔رہنما اے این پی ثمر ہارون بلور نے الیاس بلور کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ الیاس بلور کی نماز جنازہ اتوارکی دوپہر 2بجے وزیر باغ میں ادا کی جائے گی۔مرحوم الیاس بلور اے این پی رہنما غلام احمد بلور اور شہید بشیر احمد بلور کے بھائی تھے۔دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں سابق سینیٹر اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما الیاس احمد بلور کے اِنتقال پر اظہارِ افسوس کیا اور مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور اِظہار ہمدردی کیا ہے ۔دونوں رہنمائوں نے الیاس احمد بلور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت اور ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔