عمر کا بھی لحاظ نہیں کیاجیتی سیٹ پر ہرایا گیا، ،18ویں ترمیم کو چھیڑا تو ملک کو نقصان ہوگا:بزرگ سیاستدان
پشاور (خصوصی رپورٹ)بزرگ سیاستدان حاجی غلام احمد بلور 86 سال کی عمر میں انتخابی سیاست سے علیحدہ ہوگئے۔بلور ہا ئوس پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور نے کہا کہ میری عمر کا بھی لحاظ نہیں کیاگیا اور میری جیتی ہوئی سیٹ پر مجھے ہرایا گیا،میں نے اس ملک و قوم کیلئے55 سال سیاست کی۔غلام احمد بلور نے کہا ہمارے ملک نے بھارت کو تو جنگی میدان میں شکست دی لیکن معاشی میدان میں پیچھیہیں، حکمرانوں سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کے بارے میں سوچنا ہوگا،کچھ لوگ 18ویں ترمیم کو بکواس قرار دیتے ہیں لیکن انہیں نہیں معلوم 18ویں ترمیم قرارداد مقاصد کی طرح ہے، اگر اسے چھیڑا گیا تو ملک کو نقصان ہوگا۔انہوں نے کہاکہ میری نشست پر کون الیکشن لڑے گا یہ پارٹی نے فیصلہ کرنا ہے، میں ایک مضبوط پارٹی چھوڑ کر جارہا ہوں جبکہ پشاور چھوڑ کر جارہا ہوں لیکن اسی مٹی میں ہی دفن ہوں گا۔ انہوں نے کہا انتخابی سیاست سے دستبردار ہورہا ہوں لیکن سیاست نہیں چھوڑ رہا ، ایسے حالات پیدا ہوئے کہ اب پشاور میں اکیلا نہیں رہ سکتا، اس لئے اسلام آباد منتقل ہورہا ہوں۔