فلوٹیلا کے گرفتار131افراد رہا اسرائیلی جیل میں ہم پر کتے چھوڑے گئے ، بیڑیاں ڈالی گئیں سابق سینیٹر مشتاق احمد

ہوا، دوا اور پانی تک  رسائی نہیں تھی،  مطالبات کی منظوری کیلئے   جیل کے اندر 3 دن تک بھوک ہڑتال بھی کی: مشتاق احمد کا ویڈیو بیان 
 ان تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے گرفتار افراد کی رہائی  کے  معاملے میں فعال کردار ادا کیا:اسحاق ڈار
اسلام آباد(آئی این پی )اسرائیلی فورسز نے صمود فلوٹیلا میں شامل جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد کو رہا کردیا۔سابق سینیٹر مشتاق احمد نے   کہا ہے  5 دن  اسرائیل کے ایک صحرا میں واقع بدنام زمانہ  نیگیوڈیزرٹ جیل میں رہے،  اس دوران ہمارے ہاتھ پیچھے باندھے گئے ،ہمارے اوپر کتے چھوڑے گئے، بندوقیں رکھی گئیں اور بدترین تشدد کیا گیا، جیل میں ہوا، دوا اور پانی تک کی رسائی نہیں تھی، اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے   جیل کے اندر 3 دن تک بھوک ہڑتال بھی کی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سابق سینیٹر کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد کو رہا کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت عمان میں پاکستان کے سفارتخانے میں محفوظ اور صحت مند ہیں، سفارتخانہ ان کی خواہشات اور سہولت کے مطابق وطن واپسی میں مکمل تعاون فراہم کرنے کیلئے  تیار ہے۔نائب وزیراعظم نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا ہے کہ میں ان تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس معاملے میں فعال کردار ادا کیا اور پاکستان کی وزارت خارجہ کے ساتھ تعاون کیا۔