ثمر بلور کے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے سے صوبے میں پارٹی مضبوط ہوگی:شہبازشریف
مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشست کیلئے ثمر بلور کوٹکٹ جاری کردیا
اسلام آباد (آئی این پی )عوامی نیشنل پارٹی کی دھچکا، پارٹی رہنما ثمر بلور پاکستان مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ثمر بلور نے ملاقات کی اور اس دوران انہوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر امیر مقام بھی موجود تھے۔اس حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ثمر بلور کے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے سے صوبے میں پارٹی مضبوط ہوگی۔اس ملاقات سے قبل ثمر ہارون بلور نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کروں گی جس کے بعد مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کروں گی۔دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن )نے قومی اسمبلی میں خواتین کی 2 مخصوص نشستوں کے لیے ٹکٹ جاری کردئیے۔رپورٹ کے مطابق نواز لیگ نے اے این پی چھوڑ کر پارٹی میں شامل ہونے والی ثمر بلور اور سابق ایم پی اے جمشید خان کی اہلیہ کو ٹکٹ جاری کردیا۔